عوامی مفاد ترجیح، آزاد کشمیر کی خدمت کرتے رہیں گے، وزیراعظم کا معاہدے کا خیرمقدم

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں جاری حالیہ کشیدگی کے پرامن اختتام اور مذاکراتی عمل کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آزاد کشمیر میں امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آ جانا خوش آئند اور باعث اطمینان ہے۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی مذاکراتی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مذاکراتی ٹیم کے تمام اراکین کو ان کی انفرادی و اجتماعی کوششوں پر بھرپور شاباش دی۔ انہوں نے اسے ’’پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی بڑی کامیابی‘‘ قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ عناصر حالات کو بگاڑنے کے درپے تھے، تاہم سازشیں اور افواہیں آخرکار دم توڑ گئیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، الحمدللہ۔ انہوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا اور قیامِ امن پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد اور امن ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے گزارش کی کہ افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے حقائق پر توجہ دیں اور قیامِ امن و ترقی کے سفر میں حکومت کا ساتھ دیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’’ہم پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کا تحفظ پوری سنجیدگی کے ساتھ کرتے رہیں گے۔ آزاد کشمیر کے مسائل ہمیشہ ہماری توجہ کا مرکز رہے ہیں اور میری حکومت نے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے متعدد نشستیں کیں۔ بالآخر، فریقین کے درمیان گزشتہ شب ایک تحریری معاہدہ طے پایا جس کے بعد مظاہرے ختم اور حالات معمول پر آ گئے۔

Scroll to Top