اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی، جہاں علی امین گنڈاپور آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اکتوبر 2025 تک ملتوی کر دی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ملزم آئندہ سماعت پر بھی پیش نہ ہوئے تو عدالت مزید سخت اقدامات پر غور کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے، جس میں ان پر شراب اور اسلحہ کی برآمدگی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا جب وہ وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز تھے، تاہم اب وہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ملزم عدالت میں پیش نہ ہوں تو ضمانت منسوخی یا اشتہاری قرار دینے جیسے اقدامات بھی زیر غور آ سکتے ہیں۔





