ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر کا مہینہ آسمان کے شائقین کے لیے خاص طور پر دلچسپ ہوگا کیونکہ رواں سال کا پہلا پورا چاند، جسے ’’سپر مون‘‘ بھی کہا جاتا ہے، 7 اکتوبر کو دکھائی دے گا۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپرکو) نے بتایا ہے کہ یہ سپر مون بروز منگل، 7 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ سال کے باقی مہینوں میں دو مزید سپر مون یعنی 5 نومبر اور 5 دسمبر کو بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنی مدار میں گھومتے ہوئے زمین کے سب سے قریب ترین مقام پر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے چاند عام چاند کے مقابلے میں نہایت بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ’’سپر مون‘‘کا نام دیا گیا ہے۔
سپرکو حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کا سپر مون اوسط پورے چاند سے تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔ اس رات چاند زمین سے تقریباً 224,599 میل (361,400 کلومیٹر) کے فاصلے پر ہوگا۔
عام طور پر ہر سال 3 سے 4 سپر مون نمودار ہوتے ہیں، اور گزشتہ سپر مون تقریباً 11 ماہ قبل نومبر 2024 میں دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق سپر مون خاص طور پر تب زیادہ دلکش منظر پیش کرتا ہے جب وہ افق کے قریب طلوع ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت چاند معمول سے کہیں زیادہ بڑا اور شاندار دکھائی دیتا ہے۔
آسمانی اس خوبصورت منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے شوقین افراد 7 اکتوبر کی رات اپنے نظارے تیار رکھیں، تاکہ قدرت کے اس حسین تحفے کو آنکھوں سے دیکھ سکیں۔





