قبائلی اضلاع کو نظر انداز نہ کریں، وعدے پورے کیے جائیں، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری عدم استحکام خیبرپختونخوا میں امن و امان کے مسائل کا بنیادی سبب ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب تک سرحد پار صورتحال مستحکم نہیں ہوتی، دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔

وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے، جہاں ہماری افواج، پولیس، اور عوام نے بے مثال قربانیاں دیں۔ان شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک میں امن کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں

انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی جیسے سنگین مسئلے کے پائیدار حل کے لیے افغانستان کے ساتھ سنجیدہ اور موثر مذاکرات ناگزیر ہیں۔ جب تک افغانستان کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی نہیں اپنائی جاتی، سرحدی علاقوں میں امن قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج رہے گا

علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوئے۔ ان اضلاع کو ان کا جائز حصہ دینے کے لیے نئے این ایف سی ایوارڈ کا اعلان وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے قربانیاں دے کر جو امن قائم کیا ہے، اسے برقرار رکھنے کے لیے اب عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں نہ کہ صرف اعلانات۔

Scroll to Top