فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (نارتھ) کے زیر اہتمام پشاور کے تاریخی قلعہ بالا حصار میں گرینڈ خیبر جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی ایف سی نارتھ، سول انتظامیہ اور قبائلی عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق جرگے کا مقصد ضلع خیبر میں موجودہ امن و امان کی صورتحال، درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور و فکر کرنا تھا۔ اجلاس کے دوران قبائلی عمائدین نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ قریبی تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ مقامی نمائندوں نے عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور سیکیورٹی فورسز و مقامی قیادت کے درمیان مضبوط روابط ہی علاقائی امن و استحکام کی بنیاد ہیں۔ جرگے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مقامی سطح پر عوام کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے مسلسل رابطہ اور مشاورت ضروری ہے۔
قبائلی عمائدین نے امن کے قیام میں سیکیورٹی فورسز کے کردار اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جرگہ، ریاستی اداروں کی جانب سے امن و ہم آہنگی کے فروغ کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے علاقے میں مثبت پیغام گیا ہے۔





