لاہور کی مقامی عدالت نے ریاست مخالف ٹویٹ اور صوبائی وزیر کی نامناسب تصویر اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں ملزمہ فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کر دی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی، جس دوران این سی سی آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ اشتہاری ہے اور اگر وہ کلئیر ہونا چاہتی ہے تو اپنی آئی ڈی اور پاس ورڈ فراہم کرے۔ وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزمہ کا 20 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔
دوسری جانب فلک جاوید کے وکیل نے ایف آئی آر کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ صرف صنم جاوید کی بہن ہونے کی وجہ سے گرفتار کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے باوجود کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں ٹریفک حادثہ،خواتین اور بچوں سمیت 21 افراد زخمی
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا اور فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزمہ کو آٹھ اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔





