ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی انسان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ خوشی اور سکون کا بھی سبب بنتی ہے۔
اس تحقیق میں تقریباً پانچ ہزار بالغ افراد شامل تھے جن میں اکثریت شادی شدہ اور کچھ غیر شادی شدہ افراد تھے۔
امریکا اور جاپان کی مشترکہ تحقیق میں جو مشی گن یونیورسٹی اور سنگاپور مینجمنٹ یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی اس بات کا انکشاف ہوا کہ شادی شدہ افراد کی صحت اور ذہنی سکون غیر شادی شدہ افراد کے مقابلے میں نمایاں بہتر ہوتا ہے۔
مطالعے میں شریک امریکی شادی شدہ افراد نے بتایا کہ انہیں اپنے خاندان سے زیادہ تعاون ملتا ہے جو ان کی خوشی اور اطمینان میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
اس کے برعکس غیر شادی شدہ افراد خاص طور پر امریکی اور جاپانی، خاندانی اور سماجی دباؤ کا سامنا کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی خوشی متاثر ہوتی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ جاپان میں معاشرتی توقعات کی وجہ سے لوگ خاندانی دباؤ کو زیادہ برداشت کرتے ہیں لیکن طویل مدت میں یہ دباؤ تنہائی یا پچھتاوے کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خاص طور پر ایشیائی معاشروں میں غیر شادی شدہ افراد کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ وہاں بغیر شادی کے رہنا کم قبول کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ جانتے ہیں کہ زمین پر ننگے پاؤں چلنا صحت کے لیے کتنا فائدہ مند ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ غیر شادی شدہ افراد کو کچھ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں لیکن شادی شدہ افراد کی طرح معاشرتی حیثیت اور معاونت نہیں مل پاتی جو ان کی زندگی کے معیار پر اثر انداز ہوتی ہے۔