پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارٹی کے اندر جاری بیان بازی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت برداشت اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز )کے مطابق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کی بہنوں کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، وہ صرف اپنے بھائی کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ ان کے بارے میں غیر ضروری گفتگو سے گریز کیا جانا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر بیان بازی سے نقصان ہو رہا ہے، اور ایسے وقت میں تمام کارکنوں کو تحمل، بردباری اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں اس وقت، خصوصاً بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بےیقینی کی کیفیت ہے، جس کے پیش نظر پی ٹی آئی قومی مفاد میں حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ایک وسیع تر قومی ایجنڈے پر حکومت سے بات چیت ہو تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا میں ان کے اور شہرام ترکئی کے بھائیوں کو دوبارہ وزارتوں کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے ان پیشکشوں کو قبول کرنے سے معذرت کر لی۔
اسد قیصر کا مؤقف تھا کہ پارٹی ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف عوامی مفاد اور ملکی استحکام کو سامنے رکھ کر فیصلے کرے گی۔





