آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 کے سب سے بڑے اور روایتی ٹاکرے میں آج پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیمیں کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
میچ سے قبل پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ ہفتے کے روز شیڈول تھی، مگر مسلسل بارش کے باعث پریکٹس سیشن منسوخ کرنا پڑا۔ تاہم، قومی ویمن ٹیم نے میچ کی تیاری انڈور سیشنز کے ذریعے جاری رکھی۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں انڈور نیٹس پر کیں، جبکہ ہیڈ کوچ محمد وسیم اور معاون عملے کی نگرانی میں فزیکل ٹریننگ بھی مکمل کی گئی۔
میچ کے دوران موسم کی صورتحال غیر یقینی ہے، اور بارش کی پیش گوئی کے باعث مقابلے کے متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ پیش گوئی کے مطابق بارش وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے، جو میچ کے تسلسل میں خلل ڈال سکتی ہے۔
اگر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان ویمن ٹیم تاحال بھارت کے خلاف اس فارمیٹ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 11 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں بھارت نے مکمل برتری برقرار رکھی ہے۔
آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 6 مارچ 2022 کو نیوزی لینڈ میں ویمنز ورلڈکپ کے ایک میچ میں مدمقابل آئیں تھیں، جس میں بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ بھارت نے سری لنکا کو بآسانی شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
شائقین کی نظریں آج کے اس ہائی وولٹیج مقابلے پر جمی ہیں، اور سب کو امید ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم آج تاریخ رقم کرے گی۔