وارنٹ گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ، مصدق عباسی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیرسٹر سیف

وارنٹ گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ، مصدق عباسی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیرسٹر سیف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مشیر اینٹی کرپشن مصدق عباسی کے وارنٹ گرفتاری کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سیاسی انتقام پر مبنی ہے اور 26ویں آئینی ترمیم کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا براہِ راست نتیجہ ہے۔

ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ مصدق عباسی کے خلاف درج کیا گیا مقدمہ خالصتاً سیاسی نوعیت رکھتا ہے اور ان کا ’’واحد جرم‘‘یہ ہے کہ وہ عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنا کر ملک سے کرپشن کے خاتمے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مصدق عباسی نے ایک بدنامِ زمانہ جج ہمایوں دلاور کی کرپشن کو بے نقاب کیا، جو کہ مبینہ طور پر غیر قانونی پراپرٹی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اسی انکشاف کے بعد عباسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کو’’جعلی ٹولہ‘‘قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ عناصر قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں اور ملک میں آزادی اظہارِ رائے کو جرم بنا دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر سیف نے کہا کہ صرف مصدق عباسی ہی نہیں بلکہ عمران خان کے بیانیے سے وابستہ دیگر شخصیات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کو بھی ایک جعلی مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے، حالانکہ ان کا ’’جرم‘‘ صرف یہ ہے کہ وہ عمران خان کے وژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

انہوں نے ملک میں جاری صورتحال کو فسطائیت کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی حمایت سے محروم حکومت مخالفین کو دبانے کے لیے انتقامی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیاں بند کی جائیں، اور قانون و انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔

Scroll to Top