خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما جنید اکبر کے درمیان سوشل میڈیا پر تلخ کلامی، صوبائی حکومت پر تنقید اور سیکیورٹی معاملات پر ایک دوسرے کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ فراز احمد مغل نے جنید اکبر کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محترم لگتا ہے آپ ابھی نیند سے جاگے ہیں۔
فراز احمد مغل نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر جنید اکبر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے اپنی صوبائی حکومت کے خلاف بولنا شروع کر دیا ہے اور ایمل ولی خان سے بھی کسی نے کوئی سیکیورٹی واپس نہیں لی، لگتا ہے آپ کی ناراضگی ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔
جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ سیاسی قیادت سے اختلافات اپنی جگہ ایمل ولی خان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ کسی کی جان پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اگر خدانخواستہ ایمل ولی خان کی سیکیورٹی واپس لینے کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے یہ فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی کی قیادت ماضی میں طویل عرصے تک دہشت گردوں کے نشانے پر رہی ہے اس لیے ان کی سیکیورٹی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ملک کے امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر ضرورت پڑی تو ذاتی طور پر ایمل ولی خان کی سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے کو تیار ہوں، بیرسٹر سیف
یہ نوک جھونک سوشل میڈیا پر عوام اور سیاسی مبصرین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جبکہ بعض حلقے اسے خیبرپختونخوا حکومت کے اندرونی اختلافات کا عکس بھی قرار دے رہے ہیں





