Isi Cheif

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بطور ڈی جی آئی ایس آئی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اپنی موجودہ ذمہ داریوں پر برقرار رہیں گے اور بطور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) خدمات جاری رکھیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستمبر 2024 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ قومی سلامتی کے مشیر (نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر) کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے اس سے قبل جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے طور پر تین سال خدمات انجام دیں۔ میدان جنگ میں ان کا وسیع تجربہ ہے اور وہ بلوچستان اور جنوبی وزیرستان میں بریگیڈ اور ڈویژن کی کمان کر چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاک فوج کے ممتاز اور باصلاحیت افسر سمجھے جاتے ہیں۔ وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی سے Sword of Honour حاصل کرنے والے افسر ہیں۔ پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا ہے، جہاں وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اسٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا تعلق ایک عسکری خاندان سے ہے۔ ان کے والد لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام محمد ملک 1990 کی دہائی کے اوائل میں راولپنڈی کور کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

Scroll to Top