پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے جلسے کی ناکامی، ذمہ داری وزیراعلیٰ کے ترجمان پر ڈال دی گئی

شاہد جان 

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف کے 27 ستمبر کو منعقدہ جلسے کی ناکامی پر ضلعی تنظیم کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں مختلف تنظیمی اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جلسے کی ناکامی کی بڑی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل پر عائد کی گئی ہے۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ فراز مغل نے خود کو وزیراعلیٰ کا ترجمان ظاہر کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر تقریباً 100 ریڈ پاسز جاری کیے، انہوں نے سینئر پارٹی عہدیداروں سے بدتمیزی بھی کی۔

فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق، میزبان ضلع ہونے کے باوجود پشاور کی ضلعی تنظیم کو نہ کوئی واضح کردار دیا گیا اور نہ ہی کسی ذمہ داری سے آگاہ کیا گیا۔جلسہ گاہ میں صفائی کے ناقص انتظامات، ملبے، گردوغبار اور آلودگی نے شرکاء کے لیے شدید مشکلات پیدا کیں۔جب کہ جلسہ گاہ میں آوارہ کتوں کی موجودگی نے سیکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ کر دیا۔

رپورٹ میں بعض پولیس اہلکاروں اور پارٹی عہدیداروں کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جنہوں نے بالخصوص صحافیوں اور خواتین شرکاء کے ساتھ نامناسب سلوک روا رکھا۔ مزید یہ کہ اسٹیج مینجمنٹ بغیر کسی باہمی رابطے کے متعدد گروپس کے ذریعے انجام دی گئی، جس سے بدنظمی بڑھی۔

رپورٹ کے مطابق ناقص لاجسٹک انتظامات، سہولیات کی کمی اور ناکافی نگرانی کے باعث شرکاء کی بڑی تعداد مایوس نظر آئی۔

کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ آئندہ تمام تقریبات میں ضلعی تنظیم کو واضح ذمہ داری سونپی جائے، کمانڈ اور کنٹرول کا مربوط نظام وضع کیا جائے، صفائی کے انتظامات قبل از وقت مکمل کیے جائیں اور غیر مجاز افراد کی مداخلت پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : ایمل ولی خان کو سیکیورٹی کے حوالے سے وزیراعلٰی کے بیان پر ترجمان اے این پی خیبرپختونخوا کا ردعمل

رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ آئندہ جلسوں میں صحافیوں اور خواتین کے احترام کو یقینی بنایا جائے، اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کر کے ایسی خامیوں سے بچا جائے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اعتراف کیا کہ 27 ستمبر کا اجتماع عوامی حمایت کا مظہر تھا،لیکن اس میں موجود تنظیمی اور انتظامی کمزوریوں سے سیکھنے کی اشد ضرورت ہے۔

Scroll to Top