پشاور: خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے افغان شہریوں کی واپسی کے دوسرے مرحلے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک 8 لاکھ 11 ہزار 661 افغان باشندے پاکستان سے واپس اپنے ملک افغانستان جا چکے ہیں، جن میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے ساتھ ساتھ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ روز 1 ہزار 61 افغان شہریوں کو سرحد پار بھیجا گیا، جن میں پی او آر کارڈ ہولڈرز، افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق طورخم بارڈر کے راستے 1 ہزار 59 افراد نے افغانستان کی راہ لی، جبکہ انگور اڈہ کے راستے 2 افغان باشندے اپنے ملک واپس گئے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک رضاکارانہ طور پر 1 لاکھ 89 ہزار 23 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز صرف طورخم بارڈر کے ذریعے وطن واپس جا چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کی واپسی کا یہ عمل آئندہ دنوں میں بھی بلاتعطل جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ڈینگی کی وبا بے قابو، 24 گھنٹوں میں 71 نئے مریض سامنے آ گئے
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی اور رضاکارانہ واپسی کی پالیسی کے تحت لاکھوں افغان باشندے اب تک واپس جا چکے ہیں، جبکہ حکام سرحدی علاقوں میں اس عمل کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔





