پشاور میں آٹا پھر مہنگا ، 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے کا ہو گیا

پشاور میں آٹا پھر مہنگا ، 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے کا ہو گیا

مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک اور بری خبر، خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ایک دن میں 200 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق، مارکیٹ میں 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا اب 2800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو کہ پہلے 2600 روپے میں دستیاب تھا۔

تفصیلات کے مطابق اسی طرح 20 کلو مکس آٹے کی قیمت بھی 200 روپے اضافے کے بعد 2700 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اچانک اضافہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی میں رکاوٹوں کی وجہ سے ہوا ہے، جس سے نہ صرف قیمتیں غیر مستحکم ہوئی ہیں بلکہ آئندہ دنوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

چند روز قبل بھی پشاور میں آٹے کی قیمت میں 100 سے 150 روپے تک اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد 20 کلو مکس آٹے کی قیمت 2000 سے بڑھ کر 2150 روپے تک جا پہنچی تھی۔

دوسری جانب، بلوچستان میں بھی آٹے کا بحران سنگین ہو چکا ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے اور سپلائی چین کو بحال کیا جائے تاکہ روزمرہ کی یہ بنیادی ضرورت عوام کی پہنچ میں رہے۔

Scroll to Top