تحریک انصاف کی قیادت نے ایک اور جماعت رجسٹرڈ کرانے کا فیصلہ کرلیا

تحریک انصاف کی قیادت نے ایک اور جماعت رجسٹرڈ کرانے کا فیصلہ کرلیا

مستقبل میں اتحاد کی مجبوری ختم، نئی حکمت عملی کے تحت تحریک انصاف پاکستان یا انصاف پاکستان کے نام زیر غور ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے سیاسی منظرنامے میں نئی حکمت عملی کے تحت ایک الگ سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی جماعت کے لیے ’’تحریک انصاف پاکستان‘‘ یا ’’انصاف پاکستان‘‘ جیسے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کےمطابق پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ ماضی کی طرح کسی کمزور یا غیر ہموار سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کی مجبوری سے بچنے کے لیے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ اس نئی جماعت کے تحت مستقبل میں انتخابات میں حصہ لینے اور قانونی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے لیے مربوط تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت کا تنظیمی ڈھانچہ، چیئرمین اور آئین مکمل طور پر پی ٹی آئی سے علیحدہ ہوگا۔ جبکہ پارٹی رجسٹریشن کے لیے ایک ہزار افراد کے شناختی کارڈز سمیت دیگر قانونی اور آئینی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی تیاری مکمل ہو چکی ہے، اور جلد ہی پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے باضابطہ درخواست دی جائے گی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی بھی پہلے انصاف پاکستان کے نام سے نئی جماعت بنانے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، جو اس فیصلے کے ساتھ ہم آہنگ نظر آتا ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں کسی بھی سیاسی یا قانونی رکاوٹ کی صورت میں اپنا ہی پلیٹ فارم موجود ہو۔

Scroll to Top