گنڈاپور کا استعفیٰ: اپوزیشن جماعتیں وزارت اعلیٰ پر اپنا امیدوار لانے کیلئے متحرک ہوگئیں

گنڈاپور کا استعفیٰ: اپوزیشن جماعتیں وزارت اعلیٰ پر اپنا امیدوار لانے کیلئے متحرک ہوگئیں

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد سیاسی میدان میں نئی ہلچل شروع ہو گئی ہے، جہاں اپوزیشن جماعتیں وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے اپنا امیدوار لانے کے لیے متحرک ہو گئی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق علی امین گنڈاپور کی رخصتی کے بعد متحدہ اپوزیشن نے فوری مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اپنے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پشاور میں موجود رہیں تاکہ کسی بھی سیاسی پیش رفت پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن قائدین کے درمیان اہم اجلاس متوقع ہے، جس کے بعد اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا اور وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے متفقہ امیدوار کے نام پر غور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی پشاور میں موجود ہیں

اس حوالے سےنجی ٹی وی چینل ( جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و نشریات اختیار ولی خان نے تصدیق کی ہے کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال پر متحدہ اپوزیشن کے درمیان مشاورت جاری ہے اور جلد ہی وزیراعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار سامنے لایا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے جنرل سیکریٹری ملک حبیب نور اورکزئی نے بھی گفتگو میں کہا ہے کہ ان کی جماعت بھی اپوزیشن کے ساتھ ممکنہ طور پر مشترکہ امیدوار لانے پر مشاورت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسمبلی میں عددی اکثریت حاصل ہو گئی تو جے یو آئی (ف) کے امیدوار کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا جا سکتا ہے، اور اس مقصد کے لیے آزاد اراکین سے بھی رابطے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حال ہی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد صوبے میں نئی سیاسی صف بندی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

Scroll to Top