علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ پر پی ٹی آئی کے مختلف دھڑوں میں جشن

علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ پر پی ٹی آئی کے مختلف دھڑوں میں جشن

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد نہ صرف صوبے کی سیاسی فضا میں ہلچل مچ گئی ہے بلکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی حلقوں میں بھی نئی صف بندی اور دھڑے بندی سامنے آ گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (24 نیوز)کے مطابق گنڈاپور کی برطرفی کے ساتھ ہی پارٹی کے مختلف دھڑوں نے خوشی کا اظہار کیا اور بعض رہنماؤں نے اسے پارٹی کے لیے ’’مثبت پیش رفت‘‘قرار دیا۔ سہیل آفریدی کو نئے وزیراعلیٰ کے طور پر سامنے لانے پر پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے فوری مبارکباد پیش کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید اکبر، اسد قیصر، عاطف خان اور تیمور سلیم جھگڑا سمیت کئی اہم رہنما نئے وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں، جبکہ علی امین گنڈاپور کے مخالف سمجھے جانے والے جنید اکبر اور شکیل خان کی قیادت میں ’’فارورڈ بلاک‘‘ بھی ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق متعدد صوبائی وزراء گنڈاپور کی طرزِ قیادت، کابینہ اجلاسوں میں عدم دلچسپی اور پشاور کے بجائے اسلام آباد میں وقت گزارنے پر نالاں تھے، اور بانی چیئرمین عمران خان کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں قیادت کی اس تبدیلی کے ساتھ ہی طاقت کا نیا توازن قائم ہونے کا قوی امکان ہے۔

Scroll to Top