پشاور : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-1 چترال اپر کم چترال لوئر کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر اعجاز احمد کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چترال لوئر محمد اقبال کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پبلک نوٹس 13 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل 15 سے 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر تک مکمل کی جائے گی۔
ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے نامزدگی فارموں کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 27 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ اپیلیٹ ٹریبونل ان اپیلوں پر فیصلے 3 نومبر تک کرے گا جبکہ امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست 4 نومبر کو شائع کی جائے گی۔ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے اور نظرِ ثانی شدہ فہرست کی اشاعت کی آخری تاریخ 5 نومبر ہے۔
امیدواروں کو انتخابی نشانات 6 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 23 نومبر 2025 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے تحت چترال اپر اور چترال لوئر میں سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حلقہ این اے ون چترال کی نشست پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عبداللطیف کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔





