پاکستان کسٹمز نے درآمدی و تجارتی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اضاخیل ڈرائی پورٹ پر ایک جدید کسٹمز لیبارٹری قائم کر دی ہے۔
یہ نئی سہولت خاص طور پر کپڑوں، پلاسٹک اور اس سے بنی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور مختلف رنگوں کی جانچ کے لیے درکار بنیادی آلات سے آراستہ ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ماضی میں ان اشیاء کے نمونے کراچی، لاہور یا فیصل آباد کی لیبارٹریوں کو بھیجے جاتے تھے جس سے وقت اور اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا تھا۔ تاہم نئی لیبارٹری کے قیام کے بعد اب تقریباً 80 فیصد نمونوں کی جانچ مقامی سطح پر ہی ممکن ہو سکے گی۔
یہ اقدام نہ صرف کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو تیز کرے گا بلکہ ڈرائی پورٹ پر سامان کے غیر ضروری قیام میں بھی کمی لائے گا۔ درآمد کنندگان نے اس پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا ایک دیرینہ مطالبہ بالآخر پورا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چترال،این اے 1 کی خالی نشست پرضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری
ایف بی آر کے مطابق، اضاخیل کے بعد ایک اور جدید لیبارٹری طورخم بارڈر پر بھی جلد ہی آئی ٹی ٹی ایم ایس منصوبے کے تحت فعال کر دی جائے گی جس سے سرحدی تجارت میں مزید شفافیت اور سہولت پیدا ہوگی۔





