گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میرے پاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا آفیشلی کوئی استعفیٰ نہیں آیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میرے پاس جب استعفیٰ آئےگا تو قانون کے مطابق کارروائی کروں گا۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ملٹری سیکرٹری کو استعفیٰ موصول ہونا فیک نیوز ہے۔
واضح رہے کہ گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی علی امین گنڈاپور کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد متحرک ہوگئے اورآج اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سےملاقاتیں کیں۔
کریم کنڈی نے اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعلی کے پی آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ملاقاتیں کیں۔
فیصل کریم کنڈی نے ملاقات میں خیبرپختونخوا کی بدلتی سیاسی صورت حال اور سینیٹ کے ضمنی الیکشن پر تبادلہ خیال کیا اور اس موقع پر چترال اور ہری پور میں انتخابات کے امور کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات میں ملکی اور صوبائی سیاسی صورت حال، وفاق اور صوبوں کے تعلقات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور ملاقات میں موجودہ سیاسی منظرنامے، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔