اگر دہشت گردی کا سر نہ کچلا تو ساری محنت ضائع ہو جائے گی: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا، اگر دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ کیا گیا تو ملک کی ساری محنت رائیگاں چلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اور فوری اقدامات نہ لیے گئے تو قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ خوارج کے سہولت کار بھی ان جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک پوری قوم سوال کر رہی ہے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار کی حوصلہ مندی اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام ایک پیج پر ہیں کہ خوارج کا مکمل اور ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے۔ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے مسئلے پر درست فیصلے کیے جائیں۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف بھی واضح کیا اور کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے اپنا مؤقف اجاگر کیا ہے۔

پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ہونی چاہیے اور فلسطینی عوام کو حق خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی ہے اور 57 اسلامی ممالک میں سے 8 منتخب ممالک میں شامل کیا ہے۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے مدد کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں : پاک فوج نے اورکزئی حملے کے پیچھے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر دیا، کرم اور اورکزئی میں 30 دہشت گرد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ واشنگٹن میں امریکی صدر سے ملاقات ہوئی جس میں فیلڈ مارشل بھی موجود تھے، اور اس ملاقات میں باہمی تعلقات، تجارت اور انسداد دہشت گردی پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کرنے کا باعث ہے۔

اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ سمجھا جائے گا۔

Scroll to Top