خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب، پی ٹی آئی کی اراکین کو اہم ہدایت، پابندی بھی لگادی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت نے صوبائی اسمبلی کے بیرونِ ملک موجود ارکان کو فوری وطن واپس آنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ہدایت میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے روز غیر حاضری پر سخت پارٹی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارٹی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر تمام ارکان کو پشاور میں موجود رہنے کا حکم دیا ہے،
جبکہ صوبے سے باہر سفر کرنے یا غیر حاضر رہنے پر پارٹی ڈسپلن کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں علی امین گنڈاپور کے استعفے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ وزیراعلیٰ کے طور پر سہیل آفریدی کی کامیابی کے لیے پارٹی مکمل تعاون کرے گی۔
پارٹی قیادت نے تمام ارکان کو تاکید کی ہے کہ وہ پشاور شہر میں ہی قیام کریں تاکہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے روز پارٹی اتحاد اور عددی قوت یقینی بنائی جا سکے۔

یہ  بھی پڑھیں : کابل کے بعد اب پکتیکا میں زوردار دھماکوں کی آوازیں گونج اٹھیں

جنید اکبر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دن کسی بھی رکن کی غیر حاضری ناقابلِ قبول ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں پارٹی ڈسپلن کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پارٹی کی اس ہدایت کا مقصد اندرونی نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور اسمبلی میں ممکنہ سیاسی اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے پارٹی اتحاد کو مستحکم رکھنا ہے۔

Scroll to Top