کوکی خیل قوم کے قبائلی مشران نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کردہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
کوکی خیل مشران نے نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے سہیل آفریدی سے متعلق حالیہ بیان کو قبائلی عوام کی توہین قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس میں ملک حاجی عبدالمنان مدوخیل، حاجی بارک طورخیل، ملک یوسف مدوخیل، یاسین طورخیل سمیت دیگر سرکردہ مشران نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کا وزیر اعلیٰ نامزد کرنا ایک تاریخی فیصلہ ہے جو قبائلی عوام کے دیرینہ محرومیوں کے ازالے کی طرف اہم قدم ہے۔
مشران کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی ایک تعلیم یافتہ، باکردار اور جمہوری اقدار کے حامل سیاستدان ہیں جنہیں دہشت گرد قرار دینا نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ یہ تمام قبائلی عوام کی توہین کے مترادف ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر عطاء تارڑ اپنے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان پر فوری طور پر معافی مانگیں کیونکہ ان کے الفاظ نے قبائلی عوام میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔
قبائلی مشران نے کہا کہ تحریک انصاف کا یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی میں غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی قیادت کے عہدوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کو ٹکراؤ کی سیاست کیلئے لایا گیا ہے،شیر افضل مروت
پریس کانفرنس میں مشران نے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے قبائلی علاقوں کے لیے ایک مثبت اور تاریخی پیشرفت قرار دیا۔





