خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ پہلا مریض انتقال کر گیا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شریف آباد کا رہائشی 30 سالہ عدنان 30 ستمبر کو ڈینگی وائرس کا شکار ہوا تھا۔
عدنان کو بخار، جسم درد اور آنکھوں میں شدید درد کی شکایت کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ٹیسٹ میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی اور پلیٹ لیٹس کی تعداد 45 ہزار پائی گئی۔
متاثرہ شخص مردان میڈیکل کمپلیکس میں داخل کیا گیا لیکن طبیعت میں بہتری محسوس ہونے پر اس نے ڈاکٹروں کے مشورے کے برخلاف ہسپتال سے ڈسچارج لے لیا۔
حالت بگڑنے پر اسے دوبارہ ہسپتال لایا گیا مگر پلیٹ لیٹس کی تعداد مزید کم ہونے اور ڈینگی شاک سنڈروم کے باعث 4 اکتوبر کو وہ جاں بحق ہوگیا۔
ضلع مردان کے ضلعی ہیلتھ آفیسر کے مطابق ڈینگی سے ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور :سفید ڈھیری میں چکن گونیا کی وبا، 16 کیسز کی تصدیق، محکمہ صحت نے کنٹرول روم قائم کردیا
محکمہ صحت نے شریف آباد مردان میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مہم شروع کر دی ہے جس میں گھر گھر آگاہی، امام مسجد کے ذریعے اعلانات، نکاسی آب کی صفائی، ملبہ ہٹانے اور لاروا کی تلفی کے اقدامات شامل ہیں۔





