پاکستان کے وزیر خزانہ کا دورۂ امریکا، آئی ایم ایف و عالمی بینک سے اہم ملاقاتیں کرینگے

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سالانہ عالمی مالیاتی اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں،  وہ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیر خزانہ دورہ امریکا کے دوران آئی ایم ایف، عالمی بینک، اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی  کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال، مالیاتی پالیسیوں اور ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بالمشافہ ملاقات بھی شیڈول ہے جس میں دو طرفہ مالیاتی تعاون اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت متوقع ہے۔

وزیر خزانہ کی ورلڈ اکنامک فورم کے دو اہم ایونٹس میں شرکت بھی متوقع ہے، چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں کریں گےجن میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور دو طرفہ مالیاتی شراکت داری پر گفتگو کی جائے گی۔

محمد اورنگزیب کی امریکی حکام سے بھی اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں وائٹ ہاؤس، امریکی کانگریس، محکمہ خارجہ) اور محکمہ خزانہ شامل ہیں۔

وزیر خزانہ اپنے چھ روزہ قیام کے دوران امریکی تھنک ٹینکس، میڈیا نمائندگان اور بزنس کونسلز سے بھی خطاب کریں گے،

یہ بھی پڑھیں: 50سال سے ہماری سرزمین پربیٹھے افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہو گا، خواجہ آصف

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس دورے کے دوران 65 سے زائد اہم تقریبات، اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔

Scroll to Top