سافٹ ڈرنک پینے والے ہو جائیں ہوشیار، نئی تحقیق نے حیران کن انکشافات کر دیے

حالیہ تحقیق نے ایک اہم انکشاف کیا ہے کہ روزانہ سافٹ ڈرنک پینے کی عادت نہ صرف جسمانی صحت کو متاثر کرتی ہے بلکہ ذہنی سکون کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ میٹھے مشروبات آنتوں میں بسنے والے نازک بیکٹیریا کے توازن کو بگاڑ کر ڈپریشن کے امکانات کو بڑھا دیتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کولڈ ڈرنکس میں موجود شکر کی زیادہ مقدار آنتوں میں مخصوص بیکٹیریا کی تعداد میں اتار چڑھاؤ کا باعث بنتی ہے, یہ غیر متوازن بیکٹیریا جسم میں سوزش پیدا کرتے ہیں جو بالآخر دماغی صحت پر منفی اثر ڈالتی ہے۔

مطالعے میں 405 ایسے افراد شامل تھے جنہیں پہلے سے ڈپریشن کا سامنا تھا جبکہ 527 صحت مند افراد کے ساتھ موازنہ کیا گیا، نتائج نے یہ واضح کیا کہ سافٹ ڈرنک پینے والوں میں ڈپریشن کا خطرہ تقریباً 8 فیصد زیادہ پایا گیا اور خواتین میں یہ خطرہ 16 فیصد تک بڑھ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: روزانہ سیب کھانے کے10حیرت انگیز صحت کے فوائد

ماہرین نے بتایا کہ جسمانی وزن اور قد جیسے عوامل کو مدنظر رکھنے کے باوجود سافٹ ڈرنک اور ڈپریشن کے درمیان گہرا تعلق پایا گیا تاہم اس بات کا تعین ابھی باقی ہے کہ آیا سافٹ ڈرنک براہِ راست ڈپریشن کی وجہ ہے یا پھر ڈپریشن کے شکار افراد زیادہ سافٹ ڈرنک کا سہارا لیتے ہیں۔

Scroll to Top