افغان طالبان اس وقت بھارت کی پراکسی بنے ہوئے ہیں، سیز فائر زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گا، خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیں گے، وزیرِ دفاع

اسلام آباد : نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان طالبان اس وقت بھارت کی پراکسی بن چکے ہیں اور طالبان کے فیصلے دہلی سے اسپانسر ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کابل دہلی کی پراکسی وار لڑ رہا ہے اور بھارت کے جہاز گراۓ جانے کی گواہی پوری دنیا نے دیکھی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 48 گھنٹے کا سیز فائر ہوا تھا، مگر وہ توقع نہیں کرتے کہ یہ سیز فائر زیادہ دیر قائم رہے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا رہا تو ہمیں جواب دینا پڑے گا اور اگر انہوں نے جنگ کو بڑھایا تو ہم اپنی پوری طاقت سے جواب دیں گے۔

وزیرِ دفاع نے ایک معاملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ایک ٹینک دکھا رہا ہے اور دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ پاکستان کا ہے، جبکہ جو ٹینک افغانستان دکھا رہا ہے ویسا ٹینک ہمارے پاس ہے ہی نہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ وہ ٹینک کہاں کس کباڑی سے انہوں نے لیا اور اب جھوٹ بول رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ افغان طالبان کی نیت یہاں امن کی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دوست ممالک نے گفت و شنید کی تجویز دی تھی اور پاکستان نے وہاں جا کر بات کرنے کے لیے ویزوں کی پیشکش کی، مگر جب جنگ شدت اختیار کر گئی تو ویزا درخواستیں واپس لے لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : مجھے پیرول پر رہا کریں، افغانستان کا مسئلہ “امن”کیلئے حل کر دوں گا، عمران خان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جنگیں بند کرائی ہیں، وہ امن کے داعی ہیں اور اگر صدر ٹرمپ یہاں بھی جنگ بند کرانا چاہیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

Scroll to Top