پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین (یو این ویمن) نے پاکستان کی خواتین کی خیرسگالی کی سفیر منتخب کر لیا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں ادارے نے ہانیہ عامر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پہچان اور پلیٹ فارم کو پاکستان بھر کی خواتین اور لڑکیوں کی آواز بنائیں گی، آگاہی پھیلائیں گی اور حوصلہ افزائی کریں گی۔
اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیا کہ ہم مل کر ایک ایسے مستقبل کے لیے کام کریں گے جہاں ہر خاتون اور لڑکی تشدد، امتیازی سلوک اور غیر مساوی رویوں سے آزاد ہو کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکے۔
ہانیہ عامر پاکستان کی اس عزت کا حصہ بننے والی دوسری خاتون ہیں، اس سے قبل 2015 میں منیبہ مزاری کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔ جنوبی ایشیا میں ہانیہ عامر تیسری خاتون اور مجموعی طور پر چوتھی شخصیت ہیں، جن میں سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور بالی وڈ کے فلمساز و اداکار فرحان اختر بھی شامل ہیں
یہ بھی پڑھیں : ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین کرکٹ کی دھوم، پاکستان اور بھارت نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
عالمی سطح پر خواتین کی خیرسگالی کی سفیروں میں ہالی وڈ کی مشہور اداکارائیں ایما واٹسن، نیکول کڈمین اور اینی ہیتھوے شامل ہیں۔
اسی طرح اقوام متحدہ کے دیگر اداروں میں پاکستان کے کئی معروف شخصیات کو خیرسگالی کے سفیر مقرر کیا جا چکا ہے جن میں فواد خان (یو این ڈی پی)، شہزاد رائے (یو این او ڈی سی)، ماہرہ خان (یو این ایچ سی آر) اور صبا قمر (یونیسیف) شامل ہیں۔





