شہباز شریف کا سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ، 30ویں وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی

اسلام آباد / پشاور : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں صوبے کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ وفاق پاکستان کے مفاد میں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر بات چیت بھی ہوئی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، بین الصوبائی ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ محمد سہیل آفریدی پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے 15 اکتوبر 2025 کو خیبرپختونخوا کے 30ویں وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ ان کی نامزدگی پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کے بعد عمل میں آئی۔

خیبرپختونخوا کی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالیں تو 1937 میں صوبے کے پہلے وزیراعلیٰ صاحبزادہ عبدالقیوم منتخب ہوئے، جبکہ اسی سال خان عبدالجبار خان انڈین نیشنل کانگریس سے وزیراعلیٰ بنے۔ پاکستان کے قیام کے بعد 23 اگست 1947 کو عبدالقیوم خان کاشمیری نے پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے بطور پہلے وزیراعلیٰ حلف اٹھایا۔

حالیہ برسوں میں سیاسی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 2023 میں محمد اعظم خان نگران وزیراعلیٰ مقرر ہوئے مگر ان کے انتقال کے بعد جسٹس (ر) ارشد حسین نے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ 2025 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو تیسری مرتبہ بھاری اکثریت حاصل ہوئی اور ابتدائی طور پر علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ بنایا گیا، تاہم ایک سال بعد قیادت نے نیا فیصلہ کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ نے ہانیہ عامر کو پاکستان کی خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر کر دیا

محمد سہیل آفریدی کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا نہ صرف خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک نئی شروعات ہے بلکہ مرکز اور صوبے کے درمیان نئے تعاون کے امکانات کا بھی اشارہ دیتا ہے۔

Scroll to Top