مریم نواز بغضِ عمران میں آئینی حدود پھلانگ رہی ہیں، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد سیف نے کہا ہے کہ منتخب وزیر اعلیٰ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے روکنا آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا یہ اقدام نہ صرف سیاسی منافرت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ جمہوریت کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے پنجاب حکومت کو باضابطہ طور پر خط بھی لکھا گیا تھا جس کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہے،

انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی وزیر اعلیٰ مریم نواز آئے روز آئین و قانون اور جمہوریت کا جنازہ نکال رہی ہے۔

 بیرسٹر سیف نے کہا کہ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کے بانی کھلاڑی ہیں اور کپتان بانی تحریک انصاف سے مشاورت کرنا ان کا آئینی اور سیاسی حق ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی وزیر اعلیٰ مریم نواز بغض بانی پی ٹی آئی میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑارہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مخالفین پہلے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے سے روکنے کی کوششیں کر رہے تھے اور اب اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے بانی سے ملاقات سے روکنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر جنید اکبر کا ردعمل

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف کے فیصلے کے بعد مخالفین پر خوف و ہراس طاری ہے جس کی وجہ سے وہ غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات کی طرف مائل ہو گئے ہیں۔

Scroll to Top