وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی زراعت اور افغان مہاجرین کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وضاحت کردی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اجلاس میں عدم شرکت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس میٹنگ میں شرکت سے معذرت کر چکے ہیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ اور مینڈیٹ دیا ہے اور جب تک وہ بانی سے ملاقات کر کے واضح پالیسی گائیڈ لائنز حاصل نہیں کرتے کسی ایسی میٹنگ میں شرکت کرنا صوبے کی عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرے گی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دے گی تاکہ ان کی عمران خان سے ریگولر ملاقات کا انتظام کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ اس معاملے پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت تمام قانونی فورمز پر کارروائی کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان کشیدگی، اہم ترین سیکیورٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا شرکت سے انکاری
واضح رہے وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت آج افغان مہاجرین سے متعلق اہم اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔





