کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا اور منفرد فارمیٹ متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا نام ’’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘‘ ہے۔
یہ فارمیٹ 16 اکتوبر کو ورچوئل تقریب کے ذریعے پیش کیا گیا جو ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی20 کے امتزاج پر مبنی ہے۔
اس میں ایک دن میں 80 اوورز کھیلے جائیں گے جو چار اننگز میں تقسیم ہوں گے اور ہر ٹیم دو بار بیٹنگ کرے گی۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے خاص طور پر 13 سے 19 سال کی عمر کے کھلاڑیوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
اس نئے فارمیٹ میں دونوں کرکٹ کی اقسام کے قوانین کو اپنایا گیا ہے مگر اس میں چند ترامیم کی گئی ہیں، میچ جیت، ہار، ٹائی یا ڈرا میں ختم ہو سکتا ہے۔
اس منصوبے کے پیچھے کام کرنے والی تنظیم دی فرنٹ فارمیٹ جدید ٹیکنالوجی کو بھی کرکٹ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جیسے اے آئی کی مدد سے سکاؤٹنگ سسٹم اور بیٹ و بال میں موشن سینسرز، تاکہ نوجوان کھلاڑی کھیل کو بہتر سمجھ سکیں۔
دی فرنٹ مارمیٹ کے سی ای او گوراو بہروانی کا کہنا ہے اس پروجیکٹ کا مقصد صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک مکمل کرکٹنگ ایکو سسٹم بنانا ہے جو نوجوان کھلاڑیوں کو دریافت، تربیت اور ترقی دے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے امریکہ میں این سی اے اے نے باسکٹ بال کو فروغ دیا، ہم عالمی کرکٹ کے لیے ایک ایسا نظام قائم کر رہے ہیں جو ہر نوجوان کو برابر کے مواقع فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں بھارتی سٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا
معروف کرکٹرز سر کلائیو لوئڈ، میتھیو ہیڈن، اے بی ڈی وِلئیرز اور ہربھجن سنگھ نے بھی اس پروجیکٹ کی حمایت کی اور کہا کہ یہ نوجوانوں کو خود کو اظہار کا موقع دیتا ہے اور کھیل کی مہارتوں کو نکھارنے کا بہترین ذریعہ ہے۔





