وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے آبائی ضلع سے اپناچیف سیکیورٹی آفیسر تعینات کر دیا

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر کے ملک دین خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے ظہور بابر آفریدی کو اپنا چیف سیکیورٹی آفیسر (CSO) مقرر کر دیا ہے۔

اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کی جانب سے جمعہ کے روز باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس کے مطابق مردان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ظہور آفریدی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا چیف سیکیورٹی آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ظہور بابر آفریدی ضلع خیبر کے ملک دین خیل قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے حلف اٹھانے اور منصب سنبھالنے کے بعد خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2017 (ترمیم شدہ 2024) کی شق 17(4) کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے ظہور بابر آفریدی کو اپنا چیف سیکیورٹی آفیسر تعینات کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے منتخب ہونے کے بعد سی اینڈ ڈبلیو میں تعینات اپنے پرائیوٹ سیکرٹری کو پی ایس او ٹو چیف منسٹر تعینات کردیاتھا۔

محکمہ اسٹبلشمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 17 کے پرائیوٹ سیکرٹری امتیاز علی کو پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو وزیراعلی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے۔

امتیاز علی اس سے قبل سی اینڈ ڈبلیو کے معاون خصوصی کے پرائیوٹ سیکرٹری تھے ، امتیاز علی کے تعیناتی کے بعد پی ایس او ٹو چیف منسٹر ضیاءاللہ سے اس عہدے کا اضافی چارج لے لیا گیا۔

ضیاءاللہ ڈائریکٹر اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈی آئی خان بھی ہے سابق وزیراعلی علی آمین گنڈا پور نے انہیں پی ایس او ٹو چیف منسٹر کا اضافی چارج دیا تھا۔

نئے تعینات ہونے والے پی ایس او ٹو چیف منسٹر سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں سہیل آفریدی کے ساتھ بطور پرائیوٹ سیکرٹری تعینات تھے جنہیں پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو چیف منسٹر تعینات کرتے ہوئے اس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔

Scroll to Top