واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ بندی کے معاملات کو حل کرنا ان کے لیے آسان کام ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگوں کو روکنے کے حق میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان جاری تصادم کو فوری طور پر ختم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر پاک بھارت جنگ بندی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں بتایا تھا کہ انہوں نے پاک بھارت تنازع میں جنگ بندی کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے افغانستان کی سرحد سے پاکستان پر متعدد حملے ہو رہے تھے، جس کے جواب میں پاکستانی فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : تمام تر آگاہی مہمات کے باوجود پشاور میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا
اس کشیدگی کے بعد پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ابتدائی طور پر 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی گئی تھی، جو اب مزید توسیع پا چکی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں فریقین نے دوحہ میں جاری مذاکرات مکمل ہونے تک جنگ بندی کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ امن کے لیے مناسب ماحول فراہم کیا جا سکے۔





