شمالی وزیرستان میں آج اور کل مکمل کرفیو، تمام شاہراہیں بند

میرانشاہ : شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دو روز کے لیے مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق کرفیو ہفتہ 18 اکتوبر اور اتوار 19 اکتوبر 2025 کو نافذ العمل رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کے مطابق کرفیو کا فیصلہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ کرفیو کے دوران ضلع بھر کی تمام اہم شاہراہیں اور سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

اعلامیہ میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان دو دنوں کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک افغان سرحد بند، پشاور کے ہسپتالوں میں افغان مریضوں کی آمد رک گئی

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت نگرانی کریں گے اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top