پشاور : خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان میں اکتوبر 2025 کی قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
دونوں اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ مہم کی سرکاری شروعات کی۔
شمالی وزیرستان میں ڈپٹی کمشنر محمد یوسف کریم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو موذی مرض پولیو سے بچانے کے لیے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں زندگی بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں اور مہم کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔
ادھر ضلع بنوں میں ڈپٹی کمشنر محمد فہیم نے بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے بچوں کو قطرے پلائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں حالیہ دنوں میں تین پولیو کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے اور ماحولیاتی نمونے بھی مثبت آئے ہیں، اس لیے مہم کے ذریعے بچوں کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے والدین سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ایک قومی فریضہ ہے جس میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں آج اور کل مکمل کرفیو، تمام شاہراہیں بند
بنوں میں انسداد پولیو مہم کے لیے 1442 موبائل، 70 فکسڈ، 101 ٹرانزٹ اور رومینگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ نگرانی کے لیے 59 یوپیک چیئرمین اور 334 ایریا سپروائزرز کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عملے کی حفاظت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام بچوں کو پولیو جیسے موذی امراض سے محفوظ رکھے اور صحت مند زندگی عطا فرمائے۔





