لندن: برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو نے شاہی خاندان کے اہم القابات اور اعزازات سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب ڈیوک آف یارک کے لقب سمیت دیگر شاہی خطابات کا استعمال نہیں کریں گے۔
شہزادہ اینڈریو کے مطابق یہ فیصلہ انہوں نے اپنے بھائی اور برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم سے مشاورت کے بعد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اب بھی پرنس کہلائیں گے، تاہم مستقبل میں کسی بھی سرکاری یا شاہی اعزاز کا استعمال نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ، مرحومہ ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے عطا کیا گیا لقب ’ڈیوک آف یارک‘ بھی باضابطہ طور پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو کی سابق اہلیہ، سارہ فرگوسن بھی اب شاہی القابات کا استعمال نہیں کریں گی، تاہم ان کی بیٹیاں شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی بدستور اپنے شاہی خطابات برقرار رکھیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ کارساز کو 18 سال بیت گئے، المناک واقعہ کا غم آج بھی تازہ
یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب شہزادہ اینڈریو پر جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے باعث طویل عرصے سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ اگرچہ وہ ان الزامات کی بارہا تردید کر چکے ہیں، مگر ان کی شاہی حیثیت پر اٹھنے والے سوالات ختم نہ ہو سکے۔
شاہی مبصرین کے مطابق یہ قدم ممکنہ طور پر خاندان کو مزید تنقید سے بچانے کی ایک کوشش ہے، اور بادشاہ چارلس کی جانب سے شاہی ادارے کو محدود اور صاف شفاف رکھنے کے وژن کا حصہ ہو سکتا ہے۔





