پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ ان کی آمد پر شرکاء نے کھڑے ہو کر پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں 152ویں لانگ کورس، 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں اینٹی گریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے پاس آؤٹ کیا۔ قومی پرچم کے سائے تلے ہونے والی اس عظیم الشان تقریب میں کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا، جبکہ پریڈ گراؤنڈ حب الوطنی کے مناظر سے گونجتا رہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد دی اور ان کی عسکری تربیت، نظم و ضبط اور جذبہ قربانی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج قوم کی امیدوں کا مرکز ہے اور اس کا ہر جوان ملکی سلامتی، خودمختاری اور آئین کی پاسداری کا ضامن ہے۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، غیر ملکی مہمانوں، کیڈٹس کے اہل خانہ اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جو اس لمحے کو یادگار بنانے میں شریک رہے۔





