چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 152 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو شکست دے کر قوم کا نیا اعتماد بحال کیا‘‘ انہوں نے کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور وطن عزیز کا ایک انچ بھی کسی کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے روایتی اور غیر روایتی دونوں میدانوں میں دشمن کو شکست دی، رافیل طیارے گرائے، دشمن کی بیسز اور S-400 جیسے دفاعی نظام کو نشانہ بنایا اور ملٹی ڈومین وارفیئر میں صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فولادی دیوار کی مانند کھڑا ہے، اور قوم کے اعتماد سے سرشار افواج ہر خطرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بین الاقوامی امور پر دوٹوک مؤقف
خطاب میں آرمی چیف نے بھارت پر واضح تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے الزام تراشی کی راہ اپنائی اور غیرجانبدار تحقیقات سے گریز کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا، جو بھارت کے جغرافیائی وسعت کے تصور کو چیلنج کر دے گا۔انہوں نے بھارت کو نیوکلیئر انوائرمنٹ میں جنگ سے باز رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ آنے والی کشیدگی کی مکمل ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔
بین الاقوامی تعلقات اور مسلم اُمہ سے روابط
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں ایک ریجنل اسٹیبلائزر کا کردار ادا کیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدے کو برادرانہ تعلقات کا عملی اظہار قرار دیا اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر کا اظہار کیا۔ ایران کے ساتھ امن مذاکرات اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بہتری کو بھی اُجاگر کیا۔انہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی بڑی شرکت کو عالمی سطح پر ایک قابلِ فخر اعزاز قرار دیا۔
فلسطین و کشمیر پر دو ٹوک مؤقف
فیلڈ مارشل نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی بھی مذمت کی اور غزہ میں قیام امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کیا۔
دہشت گردی کے خلاف مؤقف اور افغان رجیم کو پیغام
آرمی چیف نے افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان رجیم کو اپنی سرزمین پر موجود پراکسیز کو لگام دینی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس فتنے کو بھی شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی پراکسیز، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج کو ختم کر دیا جائے گا، اور اسلام کی غلط تشریح کرنے والے دہشت گردوں کے سامنے ہم کبھی نہیں جھکیں گے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ، قوم کا فخر
قبل ازیں، پی ایم اے کاکول میں ہونے والی تقریب میں 152 ویں لانگ کورس کے علاوہ 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔ فیلڈ مارشل نے پاسنگ آؤٹ کیڈٹس کو مبارک باد دی اور بابر کمپنی کو قائداعظم ایوارڈ سے نوازا۔تقریب میں عراق، مالدیپ، یمن، فلسطین، سری لنکا، نائجیریا، نیپال اور دیگر دوست ممالک کے کیڈٹس بھی شریک تھے۔ غیر ملکی سفارتکار، سینئر عسکری افسران اور معزز مہمانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔





