کئی روز تک تسلسل سے مہنگا ہونے کے بعد ملک میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتہ کے روز فی تولہ سونا 10 ہزار 600 روپے سستا ہو گیا۔
نئی قیمتوں کے مطابق فی تولہ سونا اب 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے میں دستیاب ہے، جو کہ گزشتہ دنوں کی نسبت ایک بڑی کمی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 8 ہزار 331 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 82 ہزار 630 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سونے کی قیمتوں میں نرمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
سونے کی قیمت میں اچانک کمی کے بعد خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر شادیوں کا سیزن قریب ہونے کے باعث سونے کی خریداری میں تیزی آ سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمت مزید کم ہوئی یا روپے کی قدر مستحکم رہی تو مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔





