افغانستان نے تمام احسانات کو فراموش کیا ،شاہد آفریدی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ افغانستان نے پاکستان کے لاکھوں احسانات کو فراموش کرتے ہوئے سرحدوں پر کھلی جارحیت کی ہے، جس پر ہماری افواج نے بھرپور جواب دیا ہے۔

اپنے ایک پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے افغانوں کی تکالیف کو اپنی تکلیف سمجھا اور ملک میں 40 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی گئی، جبکہ وہ ذاتی طور پر بھی 350 افغانی خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا’’انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ افغانستان نے ہمارے احسانات کو فراموش کیا۔ انہوں نے سرحدوں پر جارحانہ رویہ اپنایا، جس کا ہمارے افواج نے مناسب جواب دیا۔ افغانستان کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستان اس کا برادر اسلامی ملک ہے۔‘‘

واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے افغان حکومت اور بین الاقوامی برادری سے طالبان حکومت کو دیگر ممالک کے مفادات کے تحت استعمال نہ کرنے کی اپیل بھی کی اور خاص طور پر اس خدشے کا اظہار کیا کہ افغانستان پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کرنے والے عناصر کے ذریعے استعمال نہ ہو، جن کا تعلق بعض حلقوں کے الزام کے مطابق بیرونی قوتوں سے جوڑا جاتا رہا ہے۔

شاہد آفریدی نے امن و استحکام کے لیے مؤثر مذاکرات اور دونوں اطراف کے درمیان اعتماد سازی پر زور دیا اور کہا کہ معاملات کو عسکری راستے کے بجائے سیاسی و سفارتی حل کے ذریعے سلجھانا بہتر ہوگا۔

Scroll to Top