مہوش قماس
راولپنڈی پولیس نے نومبر احتجاج کے مقدمے میں علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے تناظر میں ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
تھانہ صادق آباد پولیس کی ٹیم آج وارنٹ لے کر لاہور روانہ ہوگی جہاں علیمہ خان کا پتہ 14 اپر مال روڈ درج ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے جمعہ کو علیمہ خان کی عدم حاضری پر وارنٹ جاری کیے تھے، جبکہ ضمانتی سمن کی تکمیل کے لیے بھی پولیس ٹیم مقرر کی گئی ہے۔
علیمہ خان کی ضمانت راولپنڈی کے رہائشی عمر شریف نے دی تھی، جنہوں نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروائے تھے۔
سمن کے مطابق اگر علیمہ خان 20 اکتوبر کو پیش نہ ہوئیں تو ضامن کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے گی۔ نومبر احتجاج کے مقدمے کی آئندہ سماعت 20 اکتوبر کو مقرر ہے۔
علیمہ خان سمیت 11 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے، اور استغاثہ نے آئندہ سماعت پر 5 گواہ طلب کیے ہیں۔ مقدمے میں کل 87 ملزمان چالان ہوئے ہیں جن میں سے 9 کو اعتراف جرم پر سزا ہو چکی ہے جبکہ 66 ملزمان اشتہاری ہیں۔
دوسری جانب علیمہ خان کا کہنا ہےکہ 26 نومبر کے احتجاج کے خلاف درج مقدمہ بالکل بے بنیاد ہے اور ان کے خیال میں اس مقدمے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
15اکتوبر کوعلیمہ خان نے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت فرد جرم کے لیے مقرر کی تھی تاہم انہوں نے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق انہوں نے عدالت میں ایک مضبوط دلائل پر مبنی درخواست دائر کی ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس درخواست کی سماعت 20 اکتوبر کو کی جائے۔
علیمہ خان کے مطابق عدالت نے ان کی درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ قانونی طور پر اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے تیار ہیں اور انصاف کے حصول کے لیے تمام قانونی راستے استعمال کریں گے۔





