وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حلف اٹھانے کے بعد صوبے میں نئی کابینہ کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 8 وزراء کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے گزشتہ دنوں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ وہ 90 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے۔
حلف برداری کے بعد اب کابینہ کے پہلے مرحلے میں 8 وزراء کو شامل کیا جا رہا ہے جن کے نوٹیفکیشن ایک یا دو روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں توسیع کا اعلان بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ملاقات اور ان کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
ابتدائی مرحلے میں جن شخصیات کو کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے ان میں ارشد ایوب، مینا خان آفریدی، عدنان قادری، فضل شکور، فخر جہان، شکیل خان، آفتاب عالم اور فیصل ترکئی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کی نئی کابینہ کا پہلا اجلاس پیرکے روز طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
سہیل آفریدی نے پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا تجربہ حاصل کیا جب وہ فروری 2024 میں حلقہ PK-70 Khyber-II (ضلع خیبر) سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئےتھے۔
اس کے بعد انہیں صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا اور انہوں نے بطور معاون خصوصی برائے مواصلات و کامرس خدمات انجام دیں۔عمران خان سے ملاقات کے بعد سابق وزیراعلی علی امین گنڈا پورنے کابینہ میں ردوبدل کے دوران انہیں صوبائی وزیر مقرر کیا گیا، جہاں انھیں اعلیٰ تعلیم کے محکمے کی ذمہ داری دی گئیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وزیراعلی خیبرپختونخوا نامزد ہونے کے بعد13 اکتوبر 2025 کو صوبائی اسمبلی میں ووٹ 90 حاصل کر کے انہیں 30واں وزیراعلی خیبر پختونخوا منتخب کیا گیا۔ 15 اکتوبر 2025 کو انہوں نے حلف اٹھایا اور وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی پولیس نے علیمہ خان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دیدی





