سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، زمبابوے نے پی سی بی کی دعوت قبول کرلی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دی گئی دعوت پر زمبابوے نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق افغانستان کی جگہ اب زمبابوے اس سیریز میں شریک ہوگا۔ سہ ملکی سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

یہ سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، جبکہ افتتاحی میچ 17 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان راولپنڈی میں ہوگا۔

سیریز کا دوسرا میچ 19 نومبر کو زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے سہ ملکی سیریز میں شرکت سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ سیریز اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہو گی اور تیسری ٹیم کا متبادل جلد سامنے لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :کرکٹ کی دنیا میں ’’ٹیسٹ 20‘‘ نیا فارمیٹ متعارف

کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا اور منفرد فارمیٹ متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا نام ’’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘‘ ہے۔

یہ فارمیٹ 16 اکتوبر کو ورچوئل تقریب کے ذریعے پیش کیا گیا جو ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی20 کے امتزاج پر مبنی ہے۔

اس میں ایک دن میں 80 اوورز کھیلے جائیں گے جو چار اننگز میں تقسیم ہوں گے اور ہر ٹیم دو بار بیٹنگ کرے گی۔

ٹیسٹ ٹوئنٹی کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے خاص طور پر 13 سے 19 سال کی عمر کے کھلاڑیوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔

اس نئے فارمیٹ میں دونوں کرکٹ کی اقسام کے قوانین کو اپنایا گیا ہے مگر اس میں چند ترامیم کی گئی ہیں، میچ جیت، ہار، ٹائی یا ڈرا میں ختم ہو سکتا ہے۔

اس منصوبے کے پیچھے کام کرنے والی تنظیم دی فرنٹ فارمیٹ جدید ٹیکنالوجی کو بھی کرکٹ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جیسے اے آئی کی مدد سے سکاؤٹنگ سسٹم اور بیٹ و بال میں موشن سینسرز، تاکہ نوجوان کھلاڑی کھیل کو بہتر سمجھ سکیں۔

دی فرنٹ مارمیٹ کے سی ای او گوراو بہروانی کا کہنا ہے اس پروجیکٹ کا مقصد صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک مکمل کرکٹنگ ایکو سسٹم بنانا ہے جو نوجوان کھلاڑیوں کو دریافت، تربیت اور ترقی دے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے امریکہ میں این سی اے اے نے باسکٹ بال کو فروغ دیا، ہم عالمی کرکٹ کے لیے ایک ایسا نظام قائم کر رہے ہیں جو ہر نوجوان کو برابر کے مواقع فراہم کرے گا۔

Scroll to Top