معاہدہ طے پا گیا، ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کرینگے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا مکمل احترام کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے وفود کی آئندہ ملاقات 25 اکتوبر کو استنبول میں ہوگی۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور دونوں ممالک کی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے احترام پر مبنی ہے۔

خواجہ آصف نے قطر اور ترکی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان برادر ممالک کی ثالثی کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ہوا، جس کی باضابطہ تصدیق قطری وزارت خارجہ نے بھی کر دی ہے۔ وزارت کے مطابق، یہ معاہدہ قطر اور ترکیے کی مشترکہ ثالثی کے نتیجے میں ممکن ہوا، جس کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔

Scroll to Top