پاکستانی مارشل آرٹسٹ اور عالمی ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ناروے کے سیور دائرسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
سیور دائرسن نے ایک منٹ میں 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 38 فنگر ٹیپ پش اپس کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جو عرفان محسود نے 42 فنگر ٹیپ پش اپس کے ساتھ توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
عرفان محسود اب تک 9 سال سے بھی کم عرصے میں 150 سے زائد گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بن چکے ہیں, صرف پش اپس کی کیٹیگری میں انہوں نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ 70 ریکارڈز قائم کیے ہیں۔
انہوں نے 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ کے ساتھ سب سے زیادہ پش اپس کے عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیے ہیں۔
عرفان محسود کے ریکارڈز صرف پش اپس تک محدود نہیں بلکہ انہوں نے مارشل پش اپس، سکواٹس، جمپنگ جیکس، سٹیپ اپس، نی سٹرائکس، ایلبو سٹرائکس، سائیڈ جمپس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس سمیت کئی اقسام میں عالمی ریکارڈز قائم کیے ہیں۔
عرفان محسود اب تک دنیا کے 20 مختلف ممالک کے ریکارڈز توڑ چکے ہیں جن میں امریکا، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق اور شام شامل ہیں۔
عرفان محسود کی تربیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے 20 شاگرد بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز حاصل کر چکے ہیں جو ان کی کوچنگ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چھ سالہ سفیان محسود کا ایک اور کارنامہ، پانچواں گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا
حکومت پاکستان نے عرفان محسود کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔





