اے آئی جنریٹڈ ٹرمپ نے جیٹ طیارے سے مظاہرین پر کچرا پھینک دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اے آئی جنریٹڈ ویڈیو نے ہلچل مچا دی، جیٹ طیارے سے مظاہرین پر کچرا پھینکتے دکھائی دیے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازع اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کی جس نے ملک بھر میں بحث چھیڑ دی ہے۔

ویڈیو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک جیٹ طیارہ اڑاتے ہوئے مظاہرین پر کچرا پھینکتے دکھایا گیا ہے۔

یہ ویڈیو اُس وقت سامنے آئی جب امریکا کے 2700 شہروں میں نو کنگ کے عنوان سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جن میں لاکھوں افراد شریک ہیں، صرف شکاگو میں ڈھائی لاکھ افراد نے احتجاج میں شرکت کی۔

21 سیکنڈ دورانیے کی اس اے آئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر ٹرمپ بادشاہوں کی طرح سر پر تاج پہنے ایک جنگی طیارہ اڑا رہے ہیں اور نیچے موجود مظاہرین پر کچرا پھینک رہے ہیں جس سے وہاں موجود لوگوں کے کپڑے گندے ہو جاتے ہیں اور مظاہرین میں افراتفری کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ مخالف تحریک ’’نو کنگز‘‘ زور پکڑ گئی، 2600 شہروں میں مظاہرے

ٹرمپ کے ناقدین نے ویڈیو کو توہین آمیز اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے جبکہ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک طنزیہ اے آئی تخلیق ہے جسے سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔

Scroll to Top