مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پاک افغان سیز فائر معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ امن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پہلے دن سے امن اور مذاکرات کے حامی رہے ہیں اور اڈیالہ جیل سے بھی انہوں نے مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی تھی۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ برادر ممالک قطر اور ترکی کی ثالثی پیشکش بھی اس عمل کو کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ پچھلے دنوں وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے مذاکرات کے حق میں موقف کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی سفارشات افغان مہاجرین کی باعزت واپسی اور مذاکرات کی حمایت پر مشتمل تھیں، جو کہ امن اور استحکام کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر داخلہ کے گھر آمد، خیبرپختونخوا کے اہم امور پر گفتگو
مشیر خزانہ مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ پاک افغان معاہدے سے خطے میں امن کی فضا قائم ہوگی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بہتر روابط کا آغاز ہوگا۔





