وزیراعظم نے ہائپر سپیکٹرل امیجنگ سیٹلائٹ کی خلا میں روانگی کو تاریخی سنگ میل قرار دے دیا

پاکستان کے پہلے ہائپر سپیکٹرل امیجنگ سیٹلائٹ کی خلا میں کامیاب روانگی کو وزیراعظم شہباز شریف نے قومی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اس کامیابی پر پاکستانی خلائی سائنسدانوں، انجینئرز اور تمام متعلقہ اداروں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس جدید سیٹلائٹ کی مدد سے پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں، جغرافیائی تغیرات، زراعت اور شہری منصوبہ بندی جیسے اہم شعبوں میں تحقیق اور ترقی کی نئی راہیں کھول سکے گا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون کو مثالی اور کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے عظیم دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار چین کے شکر گزار ہیں۔

وزیرعظم نےنے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کے دل چینی قیادت اور چینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ

وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ یہ پیشرفت نہ صرف سائنسی میدان میں پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کرے گی بلکہ قومی صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ کرے گی۔

Scroll to Top